پشاور : عمران خان کے خلاف ہرجانے کی درخواست قابل سماعت قرار
پشاور: عدالت نے قومی وطن پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی بخت بیدار کی جانب سے عمران خان کے خلاف ہرجانے کی درخواست کو قابل سماعت قرار دے دیا۔
پشاور کی سیشن عدالت نے گزشتہ سماعت میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ہتک عزت کی درخواست پر فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا،جسے آج جاری کردیا گیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں، درخواست پر آئندہ سماعت 24 فروری کو ہوگی۔
واضح رہے کہ عمران خان نے قومی وطن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر بخت بیدار خان پر کرپشن کا الزام لگایا تھا جس کے بعد انہیں خیبر پختونخوا کابینہ سے برطرف کردیا گیا تھا، بخت بیدار نے چیئرمین تحریک انصاف پر ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔