پشاور: فائرنگ سے دو اہلکار ہلاک

پشاور: فائرنگ سے دو اہلکار ہلاک

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس کے مطابق جمعرات کی صبح نامعلوم افراد نے فاٹا سیکریٹیریٹ کے اکاؤنٹ افسر اور ان کے ڈرائیور کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ پشاور میں یکہ توت کے علاقے میں اکاؤنٹ افسر احسان اللہ اپنے ڈرائیور خائستہ رحمان کے ساتھ جیپ میں دفتر آ رہے تھے کہ دورہ روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقعے پر ہلاک ہو گئے۔
حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فاٹا سیکریٹریٹ کے ترجمان فضل اللہ نے بی بی سی کو بتایا کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا آیا ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی تھی یا یہ پشاور میں جاری ہدف بنا کر ہلاک کرنے کے واقعات کی کڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لواحقین کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد معلوم ہو سکے گا کہ ان کے قتل کی وجوہات کیا تھیں۔
احسان اللہ فاٹا سیکریٹریٹ کے محمکمہ زراعت میں اکاؤنٹ افسر تھے۔
پشاور میں ان دنوں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
دو روز پہلے پشاور کے بڑے رہائشی علاقے حیات آباد میں نامعلوم افراد نے پولیس کے رائیڈر سکواڈ کے دو اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی جس سے دونوں شدید زخمی ہو گئے تھے۔گذشتہ روز ان میں ایک کانسٹیبل ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔
اسی طرح پشاور اور صوبے کے دیگر علاقوں میں اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔

Leave a Reply

Blogroll