مراد سعید کی ڈگری کو منسوخ کرنے کا فیصلہ

مراد سعید کی ڈگری کو منسوخ کرنے کا فیصلہ


پشاور یونیورسٹی کی انکوئری کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید کیلئے خصوصی امتحان منعقد کرنے کی تحقیقات کے بعد ان کی ڈگری کو منسوخ کرنے کی سفارش کردی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید، جو 2013 کے انتخابات میں قومی اسبملی کے رکن کیلئے سوات سے منتخب ہوئے 2005 سے 2009 تک پشاور یونیورسٹی کے ماحولیات کے ڈپارٹمنٹ میں انرول رہے تھے۔
یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مطابق مراد سعید نے اپنا امتحان پاس نہیں کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماحولیات کے ڈپارٹمنٹ نے مراد سعید کے دو امتحانی پرچوں کیلئے 2 مارچ 2015 کو خصوصی انتظامات کئے تھے اور ان کو اس کی تفصیلی مارک شیٹ بھی جاری کردی تھی۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رسول جان نے اس واقعے کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جس کی سربراہی نومریکل اور فیزیکل سائنس کے ڈین ڈاکٹر گلزار خان کررہے تھے۔
یونیورسٹی کے ترجمان اختر امین جو کہ تحقیقاتی کمیٹی کے ممبر بھی ہیں، نے ڈان نیوز کو بتایا ہے کہ کمیٹی نے رپورٹ وائس چانسلر کو پیش کردی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈپارٹمنٹ نے ایک خصوصی امتحان منعقد کیا تھا جو یونیورسٹی کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی بی ایس کمیٹی کی اجازت کے بغیر کوئی بھی ڈپارٹمنٹ خصوصی امتحانات منعقد نہیں کرسکتا۔
اختر امین نے بتایا کہ کمیٹی کو تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ امتحان صاف اور شفاف طریقے سے منعقد نہیں ہوا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کی ڈگری کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کہنا تھا کہ مراد سعید کے معاملے نے پی ٹی آئی کا اصل چہرا بے نقاب کردیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بڑی بڑی باتیں کرنے والوں کی اصلیت عوام کے سامنے واضح ہوگئی ہے۔
ادھر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے اپنے اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر پی ٹی آئی سے تعلق کی وجہ سے بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مراد سعید نے دعویٰ کیا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا تعلق عوامی نشنل پارٹی سے ہے اور وہ ان کی ساخت کو خراب کرنے کیلئے سازش میں شریک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے 16 سالہ تعلیمی کیئریر میں کبھی کسی امتحان میں فیل نہیں ہوئے ہیں۔
مراد سعید نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یونیورسٹی کی جانب سے ان کو امتحان پاس کرنے کا مراسلہ جاری کیا جاچکا ہے جو انھوں نے گذشتہ روز پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سامنے پیش کیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ان کو یونیورسٹی نے باقاعدہ ڈگری جاری نہیں کی ہے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو عدالت میں پیش کریں گے اور جب تک کہ ان کو بے گناہ ثابت نہیں کردیا جاتا وہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم کو استعمال نہیں کرے گے۔

Leave a Reply

Blogroll