سوات: سات مرتبہ ویکسین پینے والا بچہ پولیو سے متاثر

سوات: سات مرتبہ ویکسین پینے والا بچہ پولیو سے متاثر

  • 25 نومبر 2014
خیبر پختونخوا میں پولیو کی ویکسین پلانے کی مہم ایک مرتبہ پھر جاری ہے
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں پولیو کا ایک نیا مریض سامنے آیا ہے۔
محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق سوات میں گذشتہ پانچ سالوں کے دوران پولیو کا یہ پہلا کیس ہے جو خوازہ خیلہ کے علاقے تاروگےمیں رپورٹ ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیو سے متاثر ہونے والے بچے کی عمر تقریباً دو برس ہے اور اس نے ماضی میں متعدد بار پولیو کے قطرے پیے تھے۔
ڈی ایچ او سوات ڈاکٹر سید علی خان نے بی بی سی اردو کے انور شاہ کو بتایا کہ پولیو سے متاثرہ بچے کو سات بار پولیو ویکسین دی گئی تاہم اس کے باوجود وہ اس بیماری کا شکار ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کو تحقیقات کے لیے کہا گیا ہے کہ ویکسین پینے کے باوجود یہ بچہ کیسے اس مرض کا شکار ہوا۔
خیال رہے کہ یہ مریض ایسے وقت سامنے آیا ہے جب صوبے بھر میں پولیو کی ویکسین پلانے کی مہم ایک مرتبہ پھر جاری ہے۔
پاکستان میں رواں برس ریکارڈ تعداد میں پولیو کے نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
2014 میں اب تک ملک بھر میں ایسے مریضوں کی تعداد 262 ہو چکی ہے جن میں سے بیشتر کا تعلق پاکستان کے زیر انتظام قبائلی علاقوں سے ہے۔
پاکستان دنیا کے ان تین ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی پولیو کا وائرس پایا جاتا ہے اور عالمی ادارۂ صحت نے اسے دنیا سے پولیو کے خاتمے کے راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے۔
پاکستان میں ایک عرصے سے پولیو کے انسداد کے لیے جاری مہم میں شامل کارکن شدت پسندوں کا ہدف بھی رہے ہیں۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق سنہ 2012 سے اب تک پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں پر حملوں میں 60 سے زیادہ ہیلتھ ورکرز اور انہیں تحفظ فراہم کرنے والے پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

Leave a Reply

Blogroll