عبدالمالک دھاندلی سے بلوچستان کے وزیر اعلٰی بنے ،عمران خان ،پارلیمنٹ کے ذریعے نظام تبدیل نہیں ہو سکتا،طاہر القادری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بھی دھاندلی کے ذریعے بلوچستان کے وزیراعلیٰ بنے ہیں، نواز لیگ میر قدوس بزنجو کے حلقے میں بھی دھاندلی ہوئی۔ آزادی مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم کے اندر نیا پاکستان بنانے کا جذبہ ہے، کم از کم ہمارے آزادی مارچ سے ریڑھی والوں کے روزگار کا بندوبست ہو گیا ہے اور بہت سے ریڑھی والے آزادی مارچ کے قریب موجود ہیں اور چیزیں بیچ رہے ہیں۔ میں صرف استعفیٰ نہیں بہت کچھ لینے آیا ہوں، کرپشن کی کہانی ختم نہیں ہوئی، کل اگلی قسط لے کر آﺅں گا۔عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بھی دھاندلی کے ذریعے جیت کر وزیراعلیٰ بنے ہیں ، ریٹرننگ افسر نے ان کے ووٹوں کی تعداد میں ردوبدل کیا اور ان کے مخالف کے 600 ووٹوں کو غائب کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ این اے 266 میں ظفر اللہ جمالی کو جتوانے کیلئے 24 ہزار ووٹ مسترد ہوئے۔ آواران میں مسلم لیگ ن کے میر قدوس بزنجو کو 25 ووٹوں سے فاتح قرار دیا گیا ، عبدالقادر بلوچ بھی دھاندلی سے جیتے۔ عمران خان نے اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے سرے محل کے معاملے پر قومی اسمبلی میں جھوٹ بولا اور 5.6 ارب اپنی جیب میں ڈال لئے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی ادارے نے نواز شریف کی منی لانڈرنگ پر ڈاکیومینٹری بنائی جو کل یہاں دکھائیں گے، مشرف نے ظلم کیا جو ان کو سزا دیئے بغیر باہر بھیج دیا۔عمران خان نے کہا کہ میاں نواز شریف کو سعودی عرب سے پیسے آئے تو کہا کہ 800 کروڑ روپے کا تحفہ آیا ہے، وہ تحفہ نہیں تھا بلکہ وہ پیسے تھے جو یہ پاکستان سے لے کر گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات ہو گئیں تو پہلے مجرم نواز شریف ہوں گے جبکہ دوسرا افتخار چوہدری اور تیسرا مجرم نجم سیٹھی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کتنے وزیراعظم آئے اور گئے لیکن انہیں کوئی نہیں جانتا، نواز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ یہاں آ کر کھڑے ہوں اور اگر 10 لوگوں نے بھی تالیاں بجا دیں تو میں مان جاﺅں گا، تالیاں تو دور کی بات ہے، وزیراعظم نواز شریف جان بچا کر واپس چلے گئے تو بہت خوش قسمت ہوں گے۔عمران خان نے تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ” میرے تاجر بھائیو اگرآپ نے صحیح معنوں میں تجارت کرنی ہے اور رشوت سے جان چھڑانی ہے تو ادھر پہنچیں، نئے پاکستان میں کوئی رشوت نہیں ہو گی، ہم نے سارے مظلوم اکٹھے کر کے بڑے بڑے مگرمچھوں کا مقابلہ کرنا ہے“۔ انہوں نے کہا کہ بے حس حکمرانوں نے بجلی کی قیمتیں بڑھا دی ہیں اور عوام پوچھنے کا حق رکھتے ہیں کہ بجلی کے بل بڑھ گئے، لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی اور سرکلر ڈیٹ بھی بڑھ گیا ہے، عوام کا پیسہ کہا گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سیاست میں آنے سے پہلے اللہ نے شہرت اور پیسے سمیت سب کچھ دے دیا، کسی چیز کی کمی نہیں اور اگر میرا مقصد اقتدار حاصل کرنا ہوتا تو موجودہ حکمرانوں کے ساتھ مک مکا کر کے بھی بن سکتا تھا، شوکت عزیز اور معین قریشی وزیراعظم بن سکتا ہے تو عمران خان کی حالت ان سے بہتر تھی جس کیلئے وزیراعظم بننا کوئی مشکل نہیں تھا۔